ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور کے قریب بیلتھنگڈی کی شرڈی گھاٹ پر چلتی سرکاری بس میں آگ

مینگلور کے قریب بیلتھنگڈی کی شرڈی گھاٹ پر چلتی سرکاری بس میں آگ

Sun, 02 Apr 2017 18:38:56    S.O. News Service

بیلتھنگڈی 2اپریل(ایس او نیوز)کوکّے سبرامینا سے بنگلورو کی طرف جانے والی کے ایس آر ٹی سی بس میں اس وقت آگ لگ گئی جب وہ شرڈی گھاٹ پر سفر کررہی تھی۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بس جب کوکّے سبرامنیا سے 20کیلو میٹر دور جاچکی تھی تو ڈرائیور کو پلاسٹک جلنے کی بوُ محسوس ہوئی۔ احتیاطی طور پر ڈرائیور نے بس روکتے ہوئے مسافروں کو فوراً بس سے اتر جانے کو کہا۔مسافروں کے اُترنے کے چند ہی لمحوں میں انجن سے گہرا دھواں اٹھنے لگا اور بس میں آگ لگ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ  اس علاقے میں موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے ڈرائیور اور مسافروں کے فون کام نہیں کررہے تھے اور باوجود کوشش کے کوئی بھی ایمرجنسی امداد کے لئے کال نہیں کرپایا۔ اس طرح بس میں سفر کررہے تمام30 مسافروں کے لئے بے بسی کے ساتھ جلتی ہوئی بس کو دیکھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

بس پر آگ لگنے سے ایک طرف پاس سے گذرنے والی سواریوں کو شدید دشواری پیش آئی، وہیں مسافروں کو اس بات کا بھی دھڑکا لگا ہوا تھا  کہ کہیں بس کی پٹرول ٹنکی کو آگ لگ گئی تو دھماکہ بھی ہوسکتا ہے ، جس کے نتیجے میں کافی زیادہ خطرہ پیدا ہوگیا تھا، اس خدشہ کو دیکھتے ہوئے بس سے اُترنے والے مسافر بس سے کافی دور جاکر بس کو جلتا ہوا دیکھنے لگے۔ ان ہی میں کچھ لوگوں نے بس کے جلنے کی وڈیو بھی بنائی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہ ہوسکی، البتہ شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ  بس کے انجن میں کوئی تیکنیکی خرابی ہوگئی ہوگی  اور شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے یہ آگ لگی ہوگی۔لیکن تشویشناک بات یہ ہے کہ شرڈی گھاٹ اور چارمڈی گھاٹ کے علاقے میں موبائل نیٹ ورک دستیاب ہی نہیں ہے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں وہاں سے فوری رابطہ قائم کرنا ممکن نہیں ہوتا ہے۔کافی دیر بعد جب بس کو آگ لگنے کی خبر ملی تو ہاسن ، چکمگلورو اور پتور سے کے ایس آر ٹی سی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فائر بریگیڈ کا عملہ بھی جائے وقوع پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔

 


Share: